کراچی(اسٹاف رپورٹر)جیکسن پی ٹی گراؤنڈ کے قریب واقع مارکیٹ میں واقع ٹیلر کی دکان کے اندر سے چھت کے کنڈے میں پھندے سے لٹکی درزری 28 سالہ محمد شکیل ولد اظہر عباس کی لاش ملی ،پولیس کے مطابق دکان کے اندرسے خون باہر نکلنے پر مارکیٹ کے لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی ،متوفی کی لاش دوسے تین روز پرانی بتائی جاتی ہے ، دکان سے ایک ڈائری بھی ملی ہے جس میں لال رنگ کے پین سے اس نے مبینہ خودکشی کرنے کی وجہ غربت سے تنگ آکر لکھی ہے ،متوفی مذکورہ دکان میں ہی رہتا تھا، لاش پوسٹ مارٹم کی کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کر دی گئی، علاوہ ازیں لیاقت آباد کے علاقے قاسم آباد عرشی چوک کے قریب گھر سے 35سالہ زوہیب ولد خالد کی پھندا لگی لاش ملی ، اسپتال منتقل کی گئی،پولیس کاکہنا ہےکہ واقعہ بظاہر مبینہ خود کشی کا معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے، دریں اثنا شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر B/C میں واقع ہوٹل کے قریب 30 سالہ دلبر نامی شخص نے خودکو گولی مار کر شدید زخمی کرلیا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس کے مطابق واقعہ اقدام خودکشی کا ہے ،واقعہ سے قبل دلبر اپنی اہلیہ سے ویڈیو کال پر بات چیت کررہا تھا اور امکان ہے کہ اس نے بیوی کی باتوں سے دلبرداشتہ ہوکر خود کو گولی ماری ہے،تاہم زخمی بیان دینے کے قابل نہیں ہے۔