کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے ملازم کی برطرفی کے خلاف وفاقی حکومت اور پی آئی اے حکام سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیئے، گریڈ 6 کے ملازم کی برطرفی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت عظمی نے سرکاری اور نجی اداروں سے ملازمین کی برطرفیوں کے فیصلوں کے خلاف فورم نا ہونے پر اظہار برہمی کیا، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ میں وفاقی حکومت کو بھی لکھ چکا ہوں کہ اس معاملے کو دیکھیں، برطرف ملازمین کے پاس ماسٹر آف سرونٹ کے علاوہ کوئی فورم نہیں، حکومت کا اپنا کوئی فورم ہونا چاہیئے جو برطرف ملازمین کے کیسز کے بروقت فیصلے کرے، برطرف ملازمین سول سوٹ دائر کرتے ہیں جو بیس بیس سال تک چلتے ہیں۔ جن اداروں میں سروس کے قواعد نہیں انکا کوئی کچھ نہیں بگاڑتا، سندھ ہائی کورٹ نے برطرفی کے خلاف درخواست مسترد کردی تھی۔