کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سماجی رہنماء نصراللہ نےصوبائی حکومت سے کوکلیئر امپلانٹ پراجیکٹ کو جاری رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کا علاج ممکن ہوا ہے ،یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں احسان اللہ ، عبدالجبار ، نوراللہ اور آپریشن کے ذریعے تندرست ہونے والے بچوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نےکوکلیئر امپلانٹ آپریشن کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کا علاج ممکن ہوا ہے اور پانچ سال سے کم عمر کے سماعت سے محروم کئی بچوں کا کامیاب آپریشن سول اسپتال میں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایسا آپریشن ہے جو پیدائشی سے پانچ سال سے ایسے کم عمر بچے جو قدرتی طور پر سماعت سے محروم ہوں اور بولنے سے بھی قاصر ہوں کا آپریشن کیا جاتا ہے ۔ کوکلیئر امپلانٹ آپریشن کے بعد بچے نہ صرف نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجاتے ہیں بلکہ تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں اپنا مقام بناسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن پر 50 سے 60 لاکھ روپے خرچہ آتا ہے جوکہ غریب لوگ برداشت نہیں کرسکتے۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس آپریشن کو مزید جاری رکھا جائے تاکہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کا علاج ممکن ہوسکے۔