کوئٹہ(خ ن)پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے تمام اداورں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے شہر میں جاری سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ کو تجویز دیں گے کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے 4پی ڈی تعینات کئے جائیں تاکہ کوئٹہ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔یہ بات انہوں نے منگل کو ٹرانسپورٹ آپریشن کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو لعل جان جعفر، ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد، ایس ایس پی ٹریفک شہزادہ عمر عباس اوردیگرنے شرکت کی۔ ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد نے شرکاء کوبریفنگ دی شہر کی ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تجاویز پیش کیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری محکمہ اربن پلاننگ اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو ٹرانسپورٹ آپریشن کمیٹی کا ممبر بنانے کی منظوری دی اجلاس کے شرکاء نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کی تجویز برائے ڈبل روڈ، سرکلر روڈ،از جی پی او چوک تا پشین سٹاپ سے اتفاق کیا اوراسے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے جاری ترقیاتی کاموں میں شامل کرنے کی منظوری دی ۔شرکاء نے ڈی جی ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور یہ فیصلہ کیاگیا کہ مقامی ہوٹل کی انتظامیہ سے درخواست کی جائے گی کہ وہ ہوٹل میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی سیکورٹی چیکنگ ہوٹل کی حدود میں کرے ۔