کوئٹہ(این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ٹرائیبل و چیف آف قبائل ملک امان اللہ مہترزئی کی گرفتاری کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور شہریوں نے احتجاجاً ٹائرجلاکر کچلاک میں کوئٹہ لورالائی ،ژوب روڈ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا روڈ ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند ہونے کی وجہ سے سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں ۔مظاہرین کاپولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے پر لگی ہوئی ہے پولیس نے فائرنگ اور تشدد کرکے ایک شہری کو شدید زخمی کردیا جو ہسپتال میں زیرعلاج ہے جبکہ مذاکرات کے بہانے بلاکر چیف آف قبائل ملک امان اللہ مہترزئی کو حراست میں لیکر کینٹ تھانہ کوئٹہ منتقل کردیاگیا ہے اورا نہیں کئی گھنٹوں سے حبس بے جامیں رکھا گیا ہے اوران سے کسی کوملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ جب تک ملک امان اللہ مہترزئی کو رہا نہیں کیاجاتاہمارا احتجاج جاری رہے گا۔