لاہور(خبرنگار) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اہل اسلام کو حج کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ عرفہ ہمیں اتحاد، مساوات اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔ میدانِ عرفات میں لاکھوں فرزندانِ اسلام ایک لباس میں، ایک صف میں اور ایک مقصد کے تحت جمع ہو کر یہ پیغام دیتے ہیں کہ انسانیت میں کسی قسم کی تفریق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی پیغام ہمیں اپنے وطن، بالخصوص تعلیمی شعبے میں اپناتے ہوئے یہ عہد کرنا ہوگا کہ تعلیمی نظام سے ہر طرح کی تفریق اور عدم مساوات کا خاتمہ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر بچہ، بلا امتیاز اور بلا تفریق، یکساں تعلیمی مواقع حاصل کرے، ترقی کرے، اور کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے۔ وزیر تعلیم نے تمام مکاتب فکر اور سماجی طبقات سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے فروغ کے مشن کو قومی عبادت سمجھ کر اپنائیں، تاکہ ایک مساوی، باشعور، متحد اور پرامن معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔