• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹھے پکوان رشتوں کو بھی مٹھاس عطا کرتے ہیں

عظمیٰ صدیقی

ہم نے سوچا کیوںکہ اس عید پر روایتی میٹھوں کے ساتھ کچھ منفرد میٹھے پکوان کی ترکیب بھی آپ کی فہرست میں شامل کردی جائیں۔ اس عید الفطر پر ہماری بتائیں ہوئی تراکیب میں سے کچھ نیا آزماکر گھر والوں اور مہمانوں سے داد وصول کریں۔

……شاہی شیر خرمہ……

اجزاء: گھی ایک کھانے کا چمچہ، سویاں50گرام، دودھ ایک لیٹر، چینی حسب ذائقہ، کھویا ایک کپ، بادام، پستہ حسب ِضرورت، کشمش آدھی پیالی، چھوہارے حسب ِضرورت، زردے کا رنگ چٹکی بھر، کریم آدھا کپ، چاندی کی ورق سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب: بادام پستے باریک کاٹ لیں، کشمش صاف کرکے بھگودیں، چھوہارے گٹھلی نکال کر باریک کاٹ لیں، دودھ میں چینی ڈال کر پکنے رکھ دیں دوسری دیگچی میں گھی گرم کرکے سویاں بھون کر دودھ میں شامل کرلیں ساتھ بادام پستے، کشمش اور چھوہارے بھی شامل کردیں پکنے دیں چند منٹ بعد کھویا بھی چورا کرکے شامل کرلیں اور اس کو ملاکر اتار کر ٹھنڈا کرلیں، پھر اس میں کریم ملاکر ڈش میں نکال کر چاندی کا ورق سجادیں لذیذ شاہی شیر خرمہ تیار ہے۔

……رس ملائی……

اجزا: دودھ ایک لیٹر، پسی ہوئی الائچی ایک چائے کا چمچہ ،گھی ایک چائے کا چمچہ، بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، میدہ ایک چائے کا چمچہ، خشک دودھ آدھا کلو، چینی آدھا کلو ،انڈہ ایک عدد

ترکیب: سب سے پہلے پین میں دودھ اور چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کیلئے رکھ دیں۔ پھر ایک پیالے میں سوکھا دودھ، الائچی پاؤڈر، گھی اور انڈہ پھینٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ ہی بیکنگ پاؤڈر بھی شامل کردیں۔

اب اس میں تھوڑا تھوڑا کر کے گرم دودھ ڈالتے جائیں اور گوندھ لیں۔ اب ہاتھ پر گھی لگا کر بالز بنالیں اور دودھ میں ڈالتے جائیں۔ اس کے بعد 15منٹ ڈھک کر رکھ دیں۔ آخر میں کیوڑا شامل کر دیں اور ڈش میں نکال کر ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔

……کنافہ……

اجزا: باریک سویاں 200 گرام، چینی دو پیالی، دودھ ایک پیالی، فریش کریم ایک پیالی، موزریلا چیز آدھی پیالی، چیڈر چیز آدھی پیالی، کنڈینسڈ ملک تین کھانے کے چمچے، کارن فلار ڈیڑھ کھانے کے چمچے ،چھوٹی الائچی دو سے تین عدد ،پستے حسب ِپسند، عرق گلاب دو کھانے کے چمچے، مکھن آدھی پیالی۔

ترکیب: چینی میں پسی ہوئی الائچی اور آدھی پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکاکرگاڑھا سا شیرہ تیار کر لیں اور عرق گلاب شامل کرکے چولہے سے اتار لیں۔دودھ میں کنڈینسڈ ملک ڈال کر ہلکی آنچ پر اُبالیں اور اچھی طرح اُبال آنے پر اس میں فریش کریم اور کارن فلار (تین چمچ ٹھنڈے دودھ میں گھول کر) شامل کریں اور چمچ چلاتے ہوئے گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ 

مکسچر گاڑھا ہونے پر چولہے سے اتار لیں اور دونوں طرح کے چیز ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے فریج میں رکھ دیں۔ سویوں کو چورا کرکے دو حصے کر لیں اور ایک حصے میں ایک چوتھائی پیالی پگھلا ہوا مکھن ملا کر اسے بیکنگ ٹرے میں لگا دیں، پھر اس پر اچھی طرح ٹھنڈا کیا ہوا کسٹرڈ ڈالیں اور اوپر سے سویوں کے دوسرے حصے میں پگھلا ہوا مکھن ملا کر اوپر سے دبا کر لگائیں۔ پہلے سے گرم کئے ہوئے اوون میں 180Cپر بیکنگ ٹرے کو رکھ کر اسے دس سے پندرہ منٹ کے لئے بیک کر لیں۔مزیدار کنافہ تیار ہے۔

کھانا خزانہ سے مزید
نصف سے زیادہ سے مزید