معروف پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں صرف میں اور ہمایوں سعید ہی فلمیں بنانے کا خطرہ مول لے سکتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے دو فلمیں بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں اس سال 2 فلموں پر کام کر رہا ہوں، مجھے جب تک کام مکمل ہو نہیں جاتا اس کے بارے میں بات کرنا اچھا نہیں لگتا لیکن بہت جلد لوگ 2 فلمیں دیکھ سکیں گے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ ایک فلم 2026ء میں ریلیز ہوگی اور دوسری 2027ء میں ریلیز ہوگی اور میں ان دونوں فلموں کا پروڈیوسر بھی ہوں۔
اُنہوں نے ڈرامے بنانے کے بعد فلمیں بنانے کے فیصلے کے بارے میں ہنستے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کرکے میں سڑک پر بھی آ سکتا ہوں۔
فہد مصطفیٰ نے دونوں فلموں میں خود کو کاسٹ کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ جسے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنا ہے وہ خود فلم بنالے۔
اُنہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج تک اپنے لیے فلم نہیں بنائی اب پہلے بار بنانے جا رہا ہوں تو سب لوگ میرے پیچھے کیوں پڑ جاتے ہیں اور یہ دو فلمیں بھی میں اس لیے بنا رہا ہوں کیونکہ کوئی اور فلمیں بنا ہی نہیں رہا، اس وقت کوئی اور ایسا اداکار بھی نہیں ہے جو بڑی اسکرین پر کام کر سکے۔
اداکار نے کہا کہ فلم بنانا رسکی کام ہے اور زندگی میں رسک لینا پڑتا ہے اور فلمیں بنانے کا رسک صرف میں اور ہمایوں ہی لے سکتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگر ہماری فلم فلاپ بھی ہوگی تو بھی نقصان ہمیں ہی ہوگا کسی اور کو نہیں ہوگا۔