کوئٹہ (پ ر)پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن کے مرکزی چیئرمین کامریڈ نذرمینگل ، غلام رسول ،کامریڈ عمران خان ، یونس بلوچ ،کامریڈنادر ،کامران خان ،یوسفی بلوچ اور دیگرنے ایک بیان میں وفاقی بجٹ 2025-26کو ایک استحصالی میزانیہ اورآئی ایم ایف و ورلڈ بنک کو خوش کرنے کی حکومتی کوشش قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے حکومت میں آنے سے پہلے عوام سے جووعدے کیے تھے ،بالخصوص وزیراعظم شہبازشریف ایسے اقدامات کرنے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے گا ،عوام دوست بجٹ ہوگا ،سرکاری ملازمین ،محنت کشوں ،مزدوروں ،کسانوں اور کم آمدنی والے افراد کوریلیف دیا جائے گا،بجٹ سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی ،مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے روزگار کے مواقع پید ا ہوں گے ،ٹیکسز کو کم کیاجائے گا ،مہنگائی کی شرح کم ہوگی لیکن بدقسمتی سے بجٹ میں ایسا کچھ بھی نہیں ۔یہ تو ایک مایوس کن بجٹ ہے ۔عام آدمی کو اس بجٹ سے کوئی ریلیف نہیں ملنے والی ۔انہوں نے کہاکہ حال ہی میں قومی وصوبائی اسمبلیو ں کے ارکان ،اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر اور چئیرمین سینیٹ کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑے پیمانے پر اضافہ کیاگیاہونا تو یہ چاہئیے تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اسی شرح سے اضافہ کیاجاتا اور اس کےلیے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا بہانہ نہیں بنایا جاتا لیکن سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ تو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابربھی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے اور عوام سے کیے گئے اپنے وعدے اور دعوے پورے کرنے کی بجائے عوام کی امیدوں پر شب خون ماردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن اس بجٹ کو مسترد کرتی ہے اور اس کے خلاف پاکستان اور بلوچستان کی سطح پر ملازمین کی جانب سے اٹھنے والی کسی بھی تحریک میں بھرپور کردار ادا کرے گی ۔