اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کو ایک ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ ملے گا‘اس سال پانڈا بانڈ جاری کریں گے‘آئندہ سال انٹرنیشنل مارکیٹ کا رخ کرینگے‘30جون تک اسٹیٹ بینک کے مالی ذخائر14ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ میں وزیر خزانہ نےکہاکہ حکومت اور آئی ایم ایف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھانے پر ایک پیج پر ہیں‘بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 700 ارب سے زائد اضافہ کیا،متوسط طبقے کو گھروں کی تعمیر کے لیے سستے قرضے دیں گے،قومی ایئرلائن کی نجکاری کی تمام رکاوٹیں دور کردی گئی ہے‘بریفنگ میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہاکہ انکم ٹیکس آرڈیننس میں ٹیکس گزار کو گرفتار کرنے کی بات کی گئی ہے‘ گرفتاریاں پھر سب کی ہوں گی۔سیکریٹری خزانہ امداداللہ بوسال کاکہناتھاکہ ایف بی آر کا موجودہ مالی سال کانظر ثانی شدہ ٹیکس ہدف 11900 ارب روپے ہوگا۔