اسلام آباد (اسرار خان) نان فائلرز کی نقد رقم نکالنے کی حد 75 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ، گوگل، فیس بک، یوٹیوب کو اشتہارات پر سخت محصول کا سامنا کرنا پڑے گا ، سب سے زیادہ کمانے والوں کے لیے انکم ٹیکس سرچارج میں 9 فیصد کمی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے درمیانی آمدنی والے بینک صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے مقصد سے، نان فیلرز کے لیے نقد رقم نکالنے کی حد 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم مالی سال 2025-26 کے لیے نظرثانی شدہ بجٹ تجاویز کے تحت نئی حد سے زیادہ رقم نکالنے پر 0.8فیصد کا زیادہ ایڈوانس ٹیکس لاگو ہوگا، جو موجودہ سال کے 0.6 فیصد سے زیادہ ہے۔ یہ فیصلہ، جو وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین رشید لنگڑیاں کی توثیق کے بعد جمعہ کو قومی اسمبلی کی مالیاتی کمیٹی کی منظوری حاصل کر چکا ہے، حکومت کے محصول جمع کرنے کے طریقہ کار میں ایک اہم تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے، جو سہولت کاری اور نفاذ کے درمیان توازن قائم کرتا ہے۔