لاہور(خبر نگار، کورٹ رپورٹر،جنرل رپورٹر) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسرائیل،ایران تصادم روکنے کیلئے عالمی قوتیں اپنا کردار ادا کریں ۔علامہ ہشام الہی ظہیرنے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملہ لامحدود اور تباہی کا پیش خیمہ ہے۔ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے اسرائیل کے حالیہ ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ لاہور بار ایسوسی ایشن نےبھی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی نے ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے کو بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ پوری اُمت مسلمہ کے امن، اتحاد اور استحکام کے خلاف ایک خطرناک اعلانِ جنگ ہے۔