لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 07 محرم الحرام کے موقع پر صوبہ بھر میں 60 ہزار افسران و اہلکاروں نے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔ صوبہ بھر میں 1377 عزاداری جلوس اور 3869 مجالس منعقد ہوئیں جبکہ لاہور میں 98 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 435 مجالس منعقد ہوئیں۔ مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں صوبہ بھر میں 27 ہزار کمیونٹی رضاکاروں نے بھی معاونت فراہم کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ۔۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔