• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محتسب پنجاب کی مداخلت، 62 طلبہ کو مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے مالیت کے زیرِ التوا تعلیمی وظائف جاری

لاہور(جنرل رپورٹر) محتسب پنجاب کی مداخلت کے نتیجے میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 62 طلبہ کو مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے مالیت کے زیرِ التوا تعلیمی وظائف جاری کر دیئے گئے طلبہ نے محتسب پنجاب کو شکایات درج کرائی تھیں کہ ان کے تعلیمی وظائف کئی ماہ سے مختلف سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں میں زیرِ التوا ہیں، جس کے باعث انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔شکایات موصول ہونے پر محتسب پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ہر کیس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے، غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کیا جائے اور مستحق طلبہ کو ان کے واجب الادا وظائف فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ محتسب پنجاب نے آئندہ کے لیے بھی وظائف کی بروقت ادائیگی اور شفاف طریقہ کار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔محتسب پنجاب کی ہدایات پر متعلقہ اداروں نے تمام کیسز کا ازسرِنو جائزہ لیا، دستاویزی اور انتظامی رکاوٹیں دور کیں اور مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے کے تعلیمی وظائف مستحق طلبہ کو ادا کر دیئے۔وظائف کی ادائیگی پر طلبہ نے محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے انہیں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں بڑی سہولت حاصل ہوئی ہے۔
لاہور سے مزید