لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ داخلہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 55 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق اور کو چیئرمین بلال یاسین نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی بلال احمد رانا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کابینہ کمیٹی نے ڈی جی خان ٹرائی بارڈر ایریا میں سکیورٹی انتظامات کیلئے جدید سامان کی خریداری کی منظوری دے دی۔ کابینہ کمیٹی نے ریسکیو 1122 کیلئے 80 ملین روپے سے زائد کے جدید سامان کی خریداری کی منظوری دی۔ صوبائی وزیر و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر و کو چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بلال یاسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں فخر کے لمحات ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوا ہے۔ تمام ادارے تسلسل کے ساتھ سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک پاکستان کو اسی طرح عزتوں سے نوازے۔