• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشرافیہ کو نوازا گیا، انصاف لیبر ونگ نے وفاقی بجٹ مسترد کر دیا

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)انصاف لیبر ونگ بلوچستان کے صدر سردار حبیب کاکڑ نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں غریبوں کو ریلیف دینے کی بجائے اشرافیہ کو نوازا گیا ہے ،اس ظلم کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند اور احتجاج کریں گے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر عصمت خان اچکزئی ، عنایت درانی ، عبدالصمد ، روزی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ عوام کیلئے نہیں بلکہ اشرافیہ کے مفادات کیلئے بنایا گیا ، غریب عوام ، مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ پر ٹیکس لگاکر ان سے جینے حق چھین لیا گیا ہے ، لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں بجٹ کے بعد مہنگائی کا طوفان آئے گا اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ کم از کم اجرت 37 ہزار روپے رکھی گئی ہے جو ناکافی ہے اس میں یوٹیلی بلز ، تعلیم ، صحت سمیت دیگر اخراجات پورے نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تنخواہوں میں 600 فیصد جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 10 اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ۔ بڑے بڑے صنعت کاروں ، شوگر مافیا سے صرف 6 سو ارب روپے ٹیکس وصول کرکے ان کو ریلیف دیا گیا جبکہ عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کرکے ان سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے اس ظلم کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند اور احتجاج کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید