• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر الیکٹرانکس مارکیٹ کی عمارت میں آگ، فائر بریگیڈ نے قابو پالیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر الیکٹرانکس مارکیٹ کی عمارت میں آگ کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکسترہوگیا،فائربریگیڈ نے فوری کارروائی کے بعد آگ پرقابوپالیا، تفصیلات کے مطابق صدرریگل چوک کے قریب گلی میں واقع الیکٹرانکس مارکیٹ کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی اور آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور اور میز نائن فلور سے بالائی منزلوں تک پھیل گئی کے ایم سی کے 5 فائر ٹینڈرز،2 واٹر باؤذرز،اسنارکل اورریسکیو 1122 کے ایک فائر ٹرک اورایمبولینس موقع پرپہنچ گئیں اورآگ پرقابوپانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق عمارت میں داخل ہونے کا کوئی راستہ نہیں مل رہا تھا اورتنگ گلیوں کے باعث عمارت کے عقب سے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی، فائر فائٹرز کو عمارت سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فائربریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کے گراؤنڈ فلور اورمیزنائن فلور پردکانیں جبکہ پہلی اوردوسری منزل پر گودام ہیں، آگ لگتے ہی بالائی منزلوں پررہائش پذیر شہری عمارت کی چھت پرچلے گئے تھے،چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق صدرمیں واقع مارکیٹوں میں کھلی وائرنگ کی وجہ سے 80 فیصد آتشزدگی کے واقعات شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آتے ہیں،دریں اثنا بہادرآباد چار منیار چورنگی کے قریب واقع ریسٹورینٹ میں لگنے والی آگ پرڈیڑھ گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پا لیا گیا ، ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے دھواں بھرگیا تھا جس کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فائرفائنٹرز نے اسموک انجیکٹر کی مدد سے ریسٹورنٹ سے دھواں نکالنے کے بعد آگ پر قابو پا لیا ، کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے مشترکہ طور پرحصہ لیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید