اسلام آباد( رانا غلام قادر ) مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبد القادر پٹیل نے قومی اسمبلی میں بجٹ بحث میںحصہ لیتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اپنے مخصوص انداز میں لطیف پیرائے میں بجٹ پر کڑی تنقید کی جس سے ممبران اسمبلی محظوظ ہوتے رہے۔ انہوں نے ایف بی آر کو اسرائیل اور جلاد قرار دیدیا۔ کہا کہ نان فائلرز کیلے حکومت پابندی لگا دےکوئی رشتہ نہیں دیگا، سمو سہ کیساتھ چٹنی نہیں ملیگی، ایک پاؤں سے لنگڑا کر چلے گا بچوں کے ختنے نہیں کرواسکتے،شکر ہے بیڈ روم تک رسائی نہیں دی ، انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ دھمکی بھی دیدی کہ حکومت اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ پیپلز پارٹی بجٹ میں آنکھیں بند کر کےسپورٹ کرے گی ہم عوام اور ملک کے مفاد کے منافی اقدامات کو سپورٹ نہیں کریںگے۔عبد القادر پٹیل نے کہا کہ نا ن فائلرز پر بے تحا شا پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔ بنکوں میں اکاؤنٹس نہیں کھلوا سکتے۔ اپنے ہی اکاؤنٹس سے پیسے نہیں نکلوا سکتے۔ہ اسٹاک مارکیٹ میں نہیں جا سکتے۔منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کی خرید و فروخت نہیں کرسکتے۔ ان کے اکاؤنٹس منجمد ہوسکتے ہیں۔