کوئٹہ (خ ن) سیکرٹری اطلاعات عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن محمد نور کھیتران نے مرک 1122کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مرک ذوالفقار جتوئی نے انہیں مرک 1122 کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کرایا اس دوران ڈائریکٹر آپریشن مرک ریاض رئیسانی اور دیگر سنیئر افسروں سمیت ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سعید احمد شاہوانی موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب سے اس اہم ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے صوبے کی شاہراہوں پر کسی بھی حادثے کی صورت میں زخمیوں کو فوری طور پر فرسٹ ایڈ دےکر قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ اس اہم ادارے نے اپنے قیام کے مختصر عرصے میں پورے صوبے میں اپنی کارکردگی کا لوہا منوایا ہے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل مرک 1122محمد ذوالفقار جتوئی نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق تفصیلاً بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کی 8 شاہراہوں پر فوری طور پر میڈیکل ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کے لیے 31 مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چھ سال میں 72 ہزار حادثات میں 96 ہزار زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں خضدار اور ژوب کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم ٹراماسینٹر کو مکمل فعال کیا گیا ہے۔