• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے،کرن بلوچ

کوئٹہ (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے بلوچستان کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کو عوام دوست اور حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ عوامی امنگوں، صوبے کی ضروریات اور ترقیاتی اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔محترمہ کرن بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے ایک متوازن، ترقیاتی اور فلاحی بجٹ پیش کیا ہے، جس میں نہ صرف سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کیا گیا بلکہ تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو بھی ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافے جیسے اقدامات حکومت کے عوام دوست رویے کا ثبوت ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ اس کے علاوہ سرپلس بجٹ پیش کرنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت نے مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا ہے۔کرن بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مفادات کی ترجمانی کرتی رہی ہے اور موجودہ بجٹ بھی اسی وژن کا تسلسل ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ حکومت کی یہ بجٹ پالیسی بلوچستان کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گی اور پسماندہ علاقوں میں خوشحالی لانے کا ذریعہ بنے گی۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان اپنی سطح پر اس بجٹ کے مثبت نکات کو عوام تک پہنچانے اور خواتین کی فلاح و بہبود سے متعلق حکومتی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔
کوئٹہ سے مزید