راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)وفاقی سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) خرم آغا نےراولپنڈی کا دورہ کیا اور کمشنرآفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت بھی کیجس میں تمام سرکاری محکموں کے سربراہوں نے شرکت کی۔اجلاس میں جڑواں شہروں کے درمیان انتظامی محکموں کو درپیش مسائل پر فوکس کیا گیا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ضروری ہے کہ حدود کے کسی مسئلے کو پبلک سروس ڈیلیوری میں رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔ انہوں نےراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے توجہ دلانے پر سی ڈی اے کے واجبات کی عدم ادائیگی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے واجبات فوری کلیئر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ راولپنڈی کی حدود میں ڈمپنگ سائٹس نہ بنائیں۔ انہوں نے 26 نمبر چونگی پر غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے راولپنڈی و اسلام آباد کی ٹیموں کو ہدایت دی۔