کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جمعرات کو ملینیم مال اور عامر الیکٹرونکس مارکیٹ صدر کا دورہ کیا اور آگ کا شکار ہونے والی دکانوں اور متاثرہ تاجروں سے ملاقاتیں کیں،منعم ظفر خان نے تاجر تنظیموں کے عہدیداران اور متاثرہ دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے آگ لگنے سے ہونے والے نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سندھ حکومت و کے ایم سی سے مطالبہ کیا کہ تمام متاثرہ دکانداروں کومعاوضہ ادا کیا جائے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں،انہوں نے قابض میئر اور سندھ حکومت کے کسی بھی نمائندے کی جانب سے داد رسی کے لیے متاثرہ دکانداروں سے تاحال رابطہ نہ کرنے اور متاثرین کی داد رسی کے لیے نہ آنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکومتی بے حسی اور اس امر کا اظہار ہے کہ ان کو متاثر ہونے والے دکانداروں اور تاجروں کے مسائل سے کوئی سرو کار نہیں ہے جبکہ دوسری جانب آگ لگنے پر واقعے کے بعد فائر برگیڈ کا عملہ بھی ہمیشہ تاخیر سے پہنچتا ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے لیکن شہر کی صورتحال یہ ہے کہ کوئی حادثہ رونما ہوجائے تو کوئی حکومتی ادارہ فوری طور پر حرکت میں نہیں آتا اور متاثرین فریاد کرتے رہ جاتے ہیں۔