کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے شاہ فیصل گرین ٹاؤن میں پلاٹ کی ملکیت کے تنازع پر اینٹی کرپشن حکام کو تحقیقات کا حکم دیدیا ، عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ جس فریق اور سرکاری افسران نے ریکارڈ میں جعل سازی کی ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے ماتحت عدالت کو تنازع سے متعلق سماعت جاری رکھنے کی ہدایت کردی، تحریری حکم نامے کے مطابق شاہد وحید نامی شہری نے مکان پر قبضے کے خلاف ماتحت عدالت میں درخواست دائر کی تھی، عدالت میں پیش پولیس رپورٹ کے مطابق مائیکرو فلمنگ آفس کے ریکارڈ میں ملکیت شاہد وحید کے نام ہے، ماتحت عدالت نے پولیس رپورٹ کی بنیاد پر درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مبینہ ملزم کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے، درخواست گزار کے مطابق ماتحت عدالت نے جلد بازی میں حقائق کی تصدیق کئے بغیر درخواست منظور کی، دونوں فریقین نے ملکیت کی رجسٹرڈ دستاویز پیش کی ہیں، اسسٹنٹ کمشنر کی پیش کردہ ریوینیو کی رپورٹ میں اراضی کی ملکیت نامزد ملزم اعجاز آرائیں کے نام ہے ، قانونی طور پر ایک پراپرٹی ایک ہی آفس میں 2 بار رجسٹر نہیں ہوسکتی۔