کراچی(اسٹاف رپورٹر)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی سے ایران سے واپس آنے والے زائرین اور یونیورسٹی طلباء کو مکمل سیکیورٹی مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اعلی ٰحکام سے رابطوں میں زائرین و طلباء کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی یقین دھانی بھی کروائی گئی ہے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی جانب سے تحریر کردہ خطوط میں ایران کی موجودہ جنگی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی طلباء اور زائرین کو واپس بھجوانے کے انتظامات کے تحت پاکستانی سرحدی علاقوں سے زائرین کی آمد پر مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد متعلقہ حکام نے رابطے کر کے سیکیورٹی کو فول پروف بناتے ہوئے قافلوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے ،انہوں نے ایران میں پاکستانی سفارت خانے اور ملکی اعلی حکام سے پاکستانیوں کے اپنے گھروں تک بخیر و عافیت پہنچانے تک رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔