کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ریتی بجری سے بھرا ڈمپر ڈبل کیبن گاڑی پر الٹ گیا جس کے باعث خاتون اور بچی جاں بحق اور ایک خاتون اور ڈبل کیبن کا ڈرائیور زخمی ہوگئے ، حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود راشد منہاس روڈ سی او ڈی کے قریب ریتی بجری سے بھرا تیز رفتار ڈمپر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ کر برابر سے گزرنے والی ڈبل کیبن پر جا گرا جس کے نتیجے میں ڈبل کیبن گاڑی نمبر KT-9478 میں سوار دو خواتین ، ایک بچی اور ڈرائیورڈمپر اور ریتی کے نیچے دب گئے ، حادثے کی اطلاع ملنے پر تھانہ پولیس ، ٹریفک پولیس ، رینجرز ، چھیپا ، ایدھی اور ریسکیو 1122 کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کام شروع کر دیا ، حادثے کی بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، حادثے کے باعث ملینیم مال سے شارع فیصل کی طرف جانے والے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جس سے دوسری جانب کی سڑک پر بھی بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، ریسکیو رضا کاروں نے سب سے پہلے گاڑی کے ڈرائیور کو باہر نکالا جو معمولی زخمی تھا بعدازاں ایک خاتون کو شدید زخمی حالت میں نکال کر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسٹڈیم روڈ پر واقعے نجی اسپتال منتقل کر دیا جب کہ حادثے کے تقریبا 2 گھنٹےبعد کرین اور لفٹر کی مدد سے ڈمپر اور ریتی میں دبی ہوئی ڈبل کیبن کو باہر نکال کر اس میں سے ایک خاتون اور ایک بچی کی لاشیں نکال کر ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں ، حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 55 سالہ شاہینہ نعیم جبکہ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت 7 سالہ عائشہ دختر خرم کے نام سے ہوئی جبکہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 30 سالہ انعم کے نام سے کی گئی۔