• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ مسلسل آٹھویں روز بھی جاری

تہران ، مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی، جنگ نیوز)ایران اور اسرائیل کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ جمعے کو مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہا ، اسرائیلی آرمی چیف نے اپنی افواج کو کہا ہے کہ ایران کیخلاف طویل جنگ کیلئے تیار رہیں، اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں پر بمباری کی ہے جبکہ اس دوران تہران سمیت ایران کے مختلف شہروں کی سڑکوں پر لاکھوں افراد اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔ایرانی فورسز کے مطابق تل ابیب ، نقب ، حیفا اور بئر سبع پر ایرانی میزائل حملوں میں 27افراد زخمی جبکہ عمارتیں تباہ، ایک میزائل وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرز کے قریب جاگرا۔اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بمباری میں پاسداران انقلاب کے بیس کمانڈر اور دیگر فوجیوں کو شہید کردیا ہے ، ایران کے اسرائیلی شہروں تل ابیب اور حیفہ پر تازہ ترین میزائل حملوں کے بعد، اسرائیل میں کم از کم27 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے، کئی مقامات پر دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی تنصیبات، بشمول نیواتیم اور ہتزیریم اڈوں پر میزائلوں کی 17ویں لہر فائر کی ہے،پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ "تل ابیب، حیفا اوربیئر سبع پر کئے گئے درست حملے ظاہر کرتے ہیں کہ ہماری جارحانہ میزائل طاقت بڑھ رہی ہے۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں تل ابیب، نقب، حیفا اور بئر سبع میں شدید مادی نقصان ہوا ہے اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک میزائل حیفا میں وزارتِ داخلہ کے ہیڈکوارٹر کے قریب آ گرا۔

اہم خبریں سے مزید