• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، قحط کے شکار فلسطینیوں پر بمباری، حملوں میں مزید 60 شہید

غزہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں قحط کا شکار فلسطینیوں پر بمباری اور فائرنگ کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا، امدای مراکز کے اطراف میں بمباری اور فورسز کے حملوں میں مزید 60 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے،غزہ میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد باصل کے مطابق 31افراد کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ مختلف امدادی مراکز پر امداد کے حصول کیلئے جمع تھے، اسرائیلی فورسز نے نیتزاریم کوریڈور پر امدادی مرکز کے قریب فلسطینیوں پر طیارے سے بمباری کرنے کا اعتراف کیا ہے ، فلسطینی محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ وسطی شہر دیر البلاح اور اس کے گردونواح میں دو الگ الگ حملوں میں 14افراد شہید ہوئے، اور غزہ شہر کے علاقے میں تین اسرائیلی فضائیا حملوں میں13دیگر افراد شہید ہوئے۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم القدس بریگیڈز کا کہنا ہے کہ ان کے جنگجوئوں نے خان یونس میں اسرائیلی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی "ہلاک اور زخمی" ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق غزہ میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد باصل نے بتایا کہ5 افراد جنوبی غزہ میں اس وقت نشانہ بنے جب وہ امداد کے انتظار میں موجود تھے جبکہ 26 دیگر افراد کو وسطی غزہ میں نیتزاریم کوریڈور کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ 20 ماہ سے زائد کے عرصے سے جاری جنگ کے دوران غزہ بھر میں قحط کا سامنا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی روزانہ ان امدادی مراکز پر راشن ملنے کی امید لئے جمع ہوتے ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید