کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماہرین طب نے خبردار کیا ہے کہ پیروٹڈ گلینڈ (لعاب دہن غدود) میں پیدا ہونے والے پیچیدہ ٹیومرز، اگر بروقت تشخیص اور درست سرجری کے بغیر چھوڑ دیے جائیں، تو یہ نہ صرف چہرے کے اعصاب کو ناقابلِ واپسی نقصان پہنچا سکتے ہیں بلکہ مریض کی زندگی کو خطرے میں بھی ڈال سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرِ اہتمام منعقدہ "پیروٹڈ گلینڈ ڈیزیزز ڈے" کے موقع پر کیا گیا، جو ڈائریکٹوریٹ آف گلوبل انگیجمنٹ اور سول اسپتال کراچی کے شعبۂ ای این ٹی کے اشتراک سے ڈاؤ میڈیکل کالج میں منعقد ہوا۔ تقریب کا مقصد ای این ٹی، جنرل سرجری، فیشیو میکسلیری سرجری اور بی ڈی ایس کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں میں پیروٹڈ گلینڈ سے متعلق بیماریوں، خاص طور پر پیچیدہ اور مہلک ٹیومرز کی تشخیص اور علاج کے جدید طریقوں پر آگہی فراہم کرنا تھا۔ دو کلیدی لیکچرز "پیروٹڈ گلینڈ ٹیومرز کی تشخیص" اور "پیروٹڈ گلینڈ سرجری کے پیچیدہ مراحل" کے عنوانات سے پیش کیے گئے۔