اسلام آباد( رانا غلام قادر) وزارت صحت میں بیورو کر یسی کے روایتی سرخ فیتے کا شاہکار کیس سامنے آیا ہے۔ ذ رائع کے مطابق وزارت صحت نے پانچ ماہ گزرنے کے با جود پولی کلینک ہسپتال اسلام آ باد کی گریڈ19 کی خاتون افسر کی پنشن فائل منظور نہیں کی ۔ سینئر چیف فا رماسسٹ آمنہ بی بی 35سالہ سروس مکمل کرکے31جنوری2025 کو ملازمت سے ریٹائر ہوئیں۔ان کا پنشن کیس ہسپتال انتظامیہ نے منظوری کیلئے وزارت صحت کو بھجوایا تھا جہاں وہ روایتی سرخ فیتے کا شکار ہوگیا ،ابھی تک یہ فائل سیکرٹری صحت نے منظور نہیں کی۔ پنشن فائل منظور نہ ہونے کی وجہ سے ریٹائرہونے والی خاتون افسر کو ابھی تک پنشن کی ادائیگی شروع نہیں ہوسکی اور وہ مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال اور سیکرٹری صحت سے اپیل کی ہے کہ ان کی پنشن فائل بلا تاخیر منظور کی جائے ، سپریم کورٹ کی واضح ہدایت ہے کہ کسی بھی سر کاری ملازم کی پنشن کو ایک ماہ بھی نہ روکا جائے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر ہی وزارتوں میں با قاعدہ پنشن سیل بنائے گئے ۔ انہوں نے پانچ ماہ گزرنے کے باجود ایک خاتون افسر کی پنشن فائل کو منظور نہ کرنے کے عمل کو بلاجواز اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔