لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کے سرکاری شعبۂ صحت میں ایک نئے باب کا اضافہ کرتے ہوئے، کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز (COAVS) نے پانچ کارنیا ٹرانسپلانٹ سرجریز کامیابی سے مکمل کیں۔ 20 جون 2025ء کو انسٹی ٹیوٹ آف آفتھلمالوجی، میو ہسپتال لاہور میں ہونے والی ان سرجریز میں خصوصاً کیراٹوکونس کے ایک نوجوان مریض پر پہلی ڈیپ انٹیریئر لیمیلیئر کیراٹوپلاسٹی (DALK) شامل ہے، جو ادارے کی 60 سالہ تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ کارنامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد معین کی قیادت، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے "عوامی صحت کی مفت سہولیات" کے وژن، اور ڈاکٹر فواد ظفر و مرزا اینڈ ظفر فاؤنڈیشن کے تعاون سے ممکن ہوا، جنہوں نے عطیہ کردہ کارنیا مفت فراہم کیے۔پہلی DALK سرجری 1960 کی دہائی میں پاکستان میں پہلی کارنیا ٹرانسپلانٹیشن کرنے والے سرجن پروفیسر شفعی صاحب کی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے، ڈاکٹر سدرہ لطیف نے ادارے کی تاریخ میں پہلی بار ڈیپ انٹیریئر لیمیلیئر کیراٹوپلاسٹی (DALK) کی۔ یہ جدید تکنیک خاص طور پر کیراٹوکونس (قرنیہ کی ساخت میں خرابی) کے مریضوں کے لیے استعمال ہوتی ہے، جس میں قرنیہ کی صرف بیرونی تہوں (Epithelium اور Stroma) کو تبدیل کیا جاتا ہے۔ پروفیسر معین کے سرپرستی میں ڈاکٹر سدرہ نے موریا ٹریفائن کے ذریعے قرنیہ کی پرتوں کو الگ کر کے یہ پیچیدہ آپریشن کامیابی سے انجام دیا۔ سرجریز میں شامل مریضوں میں 14 سالہ نوجوان سے لے کر 66 سالہ بزرگ تک شامل تھے۔ ڈاکٹر فواد ظفر اور مرزا اینڈ ظفر فاؤنڈیشن نے عطیہ کردہ کارنیا مفت فراہم کر کے ان آپریشنز کو ممکن بنایا۔ خصوصاً علی حسن (24 سال) جیسے کیراٹوکونس کے مریضوں کے لیے DALK کا انتخاب بینائی بحالی کا محفوظ ترین طریقہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور شعبہ امراض چشم میو ہسپتال نے 1960 سے عوامی شعبے میں آنکھوں کے علاج کی روایت قائم کی ہے۔ آج کی DALK سرجری ثابت کرتی ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتال جدید ترین ٹیکنالوجی تک رسائی رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر سدرہ اور COAVS کی ٹیم کو یہ تاریخی کارنامہ سرانجام دینے پر ہم سب فخر محسوس کر رہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد معین پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی نے کہا "ڈاکٹر فواد ظفر اور مرزا اینڈ ظفر فاؤنڈیشن کے تعاون کے بغیر یہ مہم ممکن نہ تھی۔ DALK جیسے آپریشنز نہ صرف مہارت بلکہ جدید آلات کی دستیابی کا تقاضا کرتے ہیں۔ ہم نے ثابت کیا ہے کہ سرکاری ادارے بھی جدید ترین طریقۂ علاج مفت فراہم کر سکتے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلام خان پروفیسر آیمرائٹس کالج آف آفتھلمالوجی اور کارنیا ٹرانسپلانٹیشن سرجن کا کہنا تھا کہ کیراٹوکونس کے نوجوان مریضوں کے لیے DALK ایک انقلابی علاج ہے۔