لاہور (خصوصی رپورٹر)پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) اور عالمی بینک کے اشتراک سے پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام (PICP) کے تحت ماحولیاتی و سماجی سسٹمز کے جائزے کے لیے ایک اہم مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد ESSA رپورٹ پر ڈسکشن، پراجیکٹس کے نفاذ میں ماحولیاتی اور سماجی پہلوؤں کو مؤثر انداز میں شامل کرنا اور پالیسی و عملی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی رہنمائی کرنا تھا۔ورکشاپ میں پنجاب کی پندرہ میونسپل کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز، چیف آفیسرز، میونسپل آفیسران برائے انفراسٹرکچر و پلاننگ، کنسلٹنٹ فرمز، اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ یونیسیف، واٹر ایڈ، نب جی، ویسٹ منیجمنٹ کمپنیز (گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد)، ادارہ تحفظ ماحولیات، اربن یونٹ، سنگت فاؤنڈیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی ورکشاپ میں شریک ہوئے۔جبکہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی سے محمود مسعود تمنا، معین الدین شیخ،عدنان نثار، نعمان اختر، معظم جمیل ملک،سید عامر محمود شاہ اور رخسانہ شاہد بھی شریک ہوئے۔محکمہ بلدیات پنجاب کی سپیشل سیکرٹری محترمہ آسیہ گل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام کے تحت سیوریج، واٹر سپلائی اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں جن سے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں میں نمایاں کمی آئے گی۔