اسلام آباد (قاسم عباسی) امریکی فضائیہ نے انتہائی خفیہ آپریشن ’’مڈنائٹ ہیمر‘‘ کے دوران ایران کی 3؍ اہم جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کیلئے جدید ترین بی ٹوُ اسٹیلتھ بمبار طیاروں اور GBU-57 Massive Ordnance Penetrator بموں (جنہیں عام طور پر ’’بَنکر بسٹر‘‘ کہا جاتا ہے) کا استعمال کیا۔ پینٹاگون نے اپنی بریفنگ میں میڈیا کو بتایا کہ آپریشن مڈ نائٹ ہیمر میں دھوکا دینے کیلئے کئی طیارے اڑائے، صرف چھ B2 بمبار طیاروں نے ایک گھنٹہ 20 منٹ میں فردو، نطنز، اصفہان کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا، کسی فوجی یا شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے اس خفیہ کارروائی کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کیں۔ ذرائع کے مطابق، امریکا نے مجموعی طور پر سات B-2 بمبار طیارے استعمال کیے، جن میں سے ہر ایک نے دو GBU-57 بم گرائے۔ یوں 14 ’’بَنکر بسٹر‘‘ بم 3؍ اہم اہداف پر گرائے گئے۔ جنرل کین کے مطابق، اس آپریشن میں کل 75؍ جدید ترین ’’پریسیشن گائیڈیڈ ویپنز’’ استعمال ہوئے جن میں 14 GBU-57 شامل تھے۔ B-2 طیارےامریکی ریاست میزوری کے وائٹ مین ایئرفورس بیس سے ہفتے کے آغاز پر روانہ ہوئے۔ دورانِ پرواز، درجنوں فضائی ٹینکروں کی مدد سے متعدد ری فیولنگ پوائنٹس پر ایندھن حاصل کیا گیا۔ 17؍ گھنٹے طویل پرواز کے بعد، B-2 طیارے سینٹ کام کے سپورٹ پیکیج کے ساتھ شامل ہوئے اور پھر ایران کی جانب روانہ ہوئے۔ ایرانی فضائی حدود میں یہ طیارے شام 6 بجے (ایسٹرن ڈی ٹائم) پہنچے، اور شام 6؍ بجکر 40؍ منٹ سے سات بجے تک، تقریباً 20؍ منٹ کی کارروائی میں 3؍ اہم جوہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی مکمل کرنے کے بعد، B-2 طیارے دوبارہ امریکی فضائی حدود میں واپس چلے گئے، اور کئی فضائی ایندھن اسٹیشنوں سے گزر کر وائٹ مین بیس واپس پہنچے۔ GBU-57 بم کی قیمت تقریباً 35؍ لاکھ امریکی ڈالرہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 97؍ کروڑ روپے بنتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، GBU-57 کی تیاری اور تحقیق پر مجموعی طور پر 40؍ سے 50؍ کروڑ امریکی ڈالر خرچ ہوئے۔ ان بموں کو صرف B-2 بمبار طیاروں سے ہی فائر کیا جا سکتا ہے اور اس وقت دنیا میں صرف امریکا کے پاس ہی یہ ٹیکنالوجی موجود ہے۔ واضح رہے کہ ’’بَنکر بسٹر‘‘ بم ایسے ہتھیار ہوتے ہیں جو زیرِ زمین گہرائی میں موجود اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جہاں روایتی بم نہیں پہنچ سکتے۔ GBU-57 کا وزن تقریباً 30؍ ہزار پاؤنڈ (13,600؍ کلوگرام) ہے، جس میں 6؍ ہزار پاؤنڈ (2,700؍ کلوگرام) کا وار ہیڈ شامل ہوتا ہے۔ یہ بم 200؍ فٹ (61؍ میٹر) زمین کے اندر گھسنے کے بعد اپنا ہدف تباہ کرتا ہے۔