کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور اسرائیل کی جاری کشیدگی میں بالآخر امریکہ براہ راست میدان میں اتر آیا ہے۔ پاکستان نے خطے میں اپنا مثبت اور ثالثی پر مبنی کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جس پر ایرانی قیادت نے شکریہ ادا کیا۔پروگرام میں شریک وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےکہا کہ اسرائیل کا ناقابل تسخیر ہوناایکسپوز ہوگیا ہے۔غزہ اور ایران کے لوگوں کے حوصلوں نے اسرائیل کو ایکسپوز کیا ہے۔ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ایران کبھی سرینڈر نہیں کرے گا،ایرانی صحافی جون حسین نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے امریکی حملوں سے قبل جوہری مواد منتقل کردیا تھا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ہے اس میں کوئی شک نہیں ہم ساتھ کھڑے ہیں۔اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔نیتن یاہو باقاعدہ امریکا کے سامنے گھٹنوں کے بل گرا ہوا تھا کہ ہمارے لئے کچھ کرو۔غزہ کے مسلمان آج کھنڈرات میں بیٹھے ہیں مگر ان کے حوصلے پہاڑوں کی طرح بلندہیںانہوںنے اسرائیل کی موجودگی کو خطے میں امن کے لیے بنیادی رکاوٹ قرار دیا۔ سابق سفارت کار، ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے واضح طو رپر کہا ہے کہ وہ کسی حال میں سرینڈر نہیں کریں گے۔وہ کہتے ہیں مذاکرات کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جو انہوں نے مذاکرات کئے اس میں امریکا نے انہیں دھوکا دیا ۔صورتحال بہت خطرناک ہے۔ دو جوہری قوتوں نے ایک غیر جوہری قوت پر حملہ کیا ہے۔ اس کے نتائج بہت خطرناک ہیں۔ایرانی صحافی جون حسین نے انکشاف کیا کہ ایران نے حملوں سے قبل جوہری مواد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا تھا۔ آبنائے ہرمز میں سائبر حملے اور نیویگیشن سسٹمز کی تباہی جیسے اقدامات سے واضح ہوگیا ہے کہ ایران جواب ضرور دے گا۔