کراچی (اسٹاف رپورٹر ) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی واپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز چیئرمین نے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی سے ملاقات کی، ملاقات میں علاقوں میں صفائی ستھرائی کے مسائل اور انکے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،علاوہ ازیں عید الاضحی ٰکے موقع پر آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور لینڈفل سائٹ تک پہنچانے کے انتظامات پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے تفصیلی بریفنگ دی،ملاقات میں ٹاؤنز میں درپیش صفائی کے مسائل، کوڑا کرکٹ کے بروقت اٹھانے، اور عید الاضحی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی،اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا کام سو فیصد یقینی بنائیں ، سالڈ ویسٹ اور منتخب نمائندوں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ گراس روٹ لیول پر عوامی مسائل اس وقت حل ہونگے جب دونوں ادارے مل کر کام اورتعاون کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ کچرے کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف نہ صرف قانونی کاروائی بلکہ انکی سرپرستی کرنے والوکی بھی نشاندہی ہونی چائیے۔