اسلام آباد ( نیوز رپورٹر )مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سنیٹرڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت سب سے زیادہ جس چیز کی ضرورت ہے وہ جنگ نہیں بلکہ امن،انصاف اور بین الاقوامی تعاون ہے۔انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا میں جنگی صورتحال انسانیت کی بقاء کے ساتھ ساتھ عالمی امن کے لیے بھی بڑا خطرہ تھی جس کے منفی اثرات پوری دنیا کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹرحافظ عبدالکریم نے کہا کہ اسلامی تعلیمات معاشرے میں انصاف، رواداری اور امن کے قیام کا پیغام دیتی ہیں۔حافظ عبدالکریم نے زور دیا کہ مسلمان ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں ایک مضبوط اور متحد اُمت ہی دنیا میں امن، عدل اور حق کی آواز بلند کر سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری،خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کا فوری،منصفانہ اور پرامن حل نکالے۔ان دیرینہ تنازعات کو حل کیے بغیر دنیا میں مستقل امن کا تصور کرنا ممکن نہیں ہو سکتا ۔ امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث نے کہا کہ دنیا کو اگر ترقی، خوشحالی اور استحکام چاہیے تو اسے بندوق کے بجائے اپنے مسائل کا مذاکرات اور سفارتی طور پر حل کرنا ہوگا ۔