راولپنڈی(خبر نگار خصوصی )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انفورسمنٹ سکواڈ نے زوننگ اور تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر ہائی کورٹ روڈ راولپنڈی پر قائم نجی فارماسیوٹیکل میڈیکل کمپنی کو گزشتہ روز سیل کر دیا ہے۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق مذکورہ کمپنی بغیر منظوری کے کام کر رہی تھی اور زمین کے استعمال کے اصولوں کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی تھی۔ یہ کارروائی راولپنڈی میں زوننگ کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس موقع پر کہا ہے کہ آر ڈی اے راولپنڈی شہر کی منظم ترقی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم تمام تجارتی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ مناسب منظوریوں کے بغیر کسی بھی قسم کی تعمیر یا تجارتی سرگرمی سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، جنہوں نے تجاوزات اور غیر قانونی سرگرمیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی سخت تاکید کی ہے۔ ڈی جی آرڈی اے نے ایل یو اینڈ بی سی ونگ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ راولپنڈی میں ہر قسم کی غیر قانونی، غیر مجاز تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں۔