اسلام آباد ( طاہر خلیل ) سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں نئی پارٹی پوزیشن بنے گی ، 336 رکنی ایوان میں حکمران اتحاد کے پاس اس وقت 214 نشستیں ہیں ، جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) 110 ، پی پی پی 70 ، ایم کیو ایم 22، پاکستان مسلم لیگ (ق) 5 ،استحکام پارٹی 4، مسلم لیگ ضیاء ایک ، بلوچستان عوامی پارٹی ایک ، نیشنل پارٹی ایک شامل ہیں، یہ تعداد 214 بنتی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں قومی اسمبلی میں22 مخصوص نشستیں حکمران اتحاد کو ملیں گی ، حکمران اتحاد میں جے یو آئی شامل نہیں ، 22 نشستوں کے اضافے سے 236 نشستیں ہو جائیں گی جبکہ دو تہائی کی اکثریت کیلئے 224نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں ن لیگ کو 15 اضافی نشستیں ملیں گی، پیپلز پارٹی کو 4، جے یو آئی ف کو 3 اضافی نشستیں ملیں گی۔ پارٹی پوزیشن کے تحت اپوزیشن میں سنی اتحاد کونسل کےپاس 80 ، آزاد ارکان 8 ، بی این پی مینگل ایک ، وحدت المسلمین ایک، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی ایک شامل ہیں، یہ تعداد 91 بنتی ہے ، مبصرین کے مطابق اسے فیصلے سے قومی اسمبلی میں جے یو آئی کی بارگیننگ پوزیشن کمزور پڑے گی ۔