غزہ سٹی (اے ایف پی )غزہ میں محکمہ شہری دفاع نے بتایا ہے کہ امدادی مراکز پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ اورمختلف علاقوں میں بمباری کے نتیجے میں 62فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، شہداء میں امداد کے لئے قطارو ں میں کھڑ ے ہونے والے 10افراد بھی شامل ہیں جو اسرائیلی فورسز کی براہ راست فائرنگ کانشانہ بنے۔ اقوام متحدہ کے حکام نے کہا ہے کہ غزہ میں امریکا اور اسرائیل کے تعاون سے چلنے والا امدادی نظام امداد کے متلاشی افراد کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا باعث بن رہا ہے اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ زدہ علاقے میں اقوام متحدہ کی انسانی امداد کی ترسیل دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے۔عینی شاہدین اور مقامی حکام نے حالیہ ہفتوں کے دوران اس علاقے میں امدادی مراکز پر امداد کے متلاشی فلسطینیوں کے بار بار قتل کی اطلاع دی ہے، جہاں اسرائیلی افواج حماس کے عسکریت پسندوں سے لڑ رہی ہیں۔