لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ماہِ محرم الحرام تمام اہلِ ایمان، تمام انسانوں کے لیے حق پر قائم رہنے، ظالم جابر ناجائز یزیدی طرزِ حکمرانی کے خلاف مزاحمت کا عظیم پیغام ہے۔ عشرہ محرم الحرام میں مِلی یکجہتی کونسل کی تمام ممبر جماعتیں امن و امان کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، خطیبوں، ذاکروں اور مرثیہ خواں حضرات کے دل آزار اسلوبِ بیان کے تدارک کے لیے دینی مِلی فرض ادا کریں گی، میدانِ کربلا میں شہدائے اسلام اور امام حسین کی شہادت کا پیغام ہی اتحادِ امت ہے۔ پاکستان، ایران، غزہ میں فلسطینیوں کی کامیابیوں نے اِس امر کو اجاگر کردیا ہے کہ عالمِ اسلام متحد ہوجائے، ترجیحات پر لائحہ عمل بنالے تو پورے عالم میں امن، توازن قائم ہوجائے گا۔ لیاقت بلوچ نے لاہور ہائیکورٹ کے شہدا ہال میں ایران کی عظیم فتح، مرکزِ وحدت میں آل پارٹیز استقبالِ محرم اور پیغام شہدا کربلا کانفرنس سے خطاب کیا۔