• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت اور اساتذہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ڈاکٹر عبدالمالک

کوئٹہ(آن لائن)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے کمیونٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر امین خان میانی کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے کمیونٹی ٹیچرز کو درپیش مسائل، عدم مستقلی، کم تنخواہیں اور بنیادی سہولیات کی کمی کے متعلق آگاہ کیا۔نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی نےکمیونٹی ٹیچرز کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ٹیچرز برسوں سے اپنی خدمات تعلیم کے میدان میں انجام دے رہے ہیں، مگر بدقسمتی سے ان کی تنخواہیں حکومت کی مقررہ کردہ کم سے کم اجرت سے بھی کم ہیں، اور مستقل نہ ہونے کی وجہ سے وہ خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت اور اساتذہ دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ان دونوں کو اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دینے چاہئیں۔ نیشنل پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کمیونٹی ٹیچرز کو محکمہ تعلیم کے تحت لا کر نہ صرف ان کی خدمات کو تسلیم کیا جائے بلکہ ان کے مستقبل کو بھی محفوظ بنایا جائے۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر شاوس حاصل بزنجو، مرکزی ترجمان علی احمد لانگو، مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی، ریاض زہری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ جبکہ کمیونٹی ٹیچرز کے وفد میں ظفر اللہ، محمد الیاس، افتخار احمد اور مشتاق احمد شامل تھے۔
کوئٹہ سے مزید