کوئٹہ(خ ن) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے محکمہ صحت، ایف سی، صفا کوئٹہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو)، ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈی ایس ایم کوئٹہ، صفا کوئٹہ اور ایف سی کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سیکیورٹی، صفائی، اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے جلوس کے راستوں پر ایمبولینسز اور میڈیکل کیمپس فراہم کیے جائیں گے، جہاں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ضروری طبی سامان موجود ہوگا۔صفا کوئٹہ کی جانب سے جلوس سے قبل تمام روٹس اور نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی جبکہ جلوسوں کے اختتام کے بعد سڑکوں کی دوبارہ صفائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جاے۔