• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دامن کوہ سلیمان، لسبیلہ، لورالائی، قلات، نصیر آباد میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

کوئٹہ(خ ن) علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق اگلے تین دنوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔کوہ سلیمان دامن، لسبیلہ، لورالائی، قلات، نصیر آباد میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں اسی طرح سبی ڈویژن، لسبیلہ، حب، خضدار، رکھنی اور بارکھان میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔جمعہ اور ہفتے کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ بارکھان، زیارت، ہرنائی کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کیساتھ بارش متوقع ہے۔نصیر آباد، کچھی، قلات، خضدار، وڈھ، لسبیلہ، حب، ڈیرہ بگٹی، دکی، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی ،صحبت پور، جعفرآباد، اوستہ محمد، جھل مگسی اور کوئٹہ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح مستونگ، ژوب، شیرانی، سوراب، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور اورماڑہ کے علاقوں میں دھند رہے گا۔چاغی، نوکنڈی اور خاران کے اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں (4.3 ملی میٹر)، زیارت میں (03.5)اور دالبندین میں (01.0) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کوئٹہ سے مزید