کراچی (اسٹاف رپورٹر) برج ٹائون میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میں 159 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی لیکن امپائرنگ پر تنقید کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ڈیرن سیمی نے پریس کانفرنس میں ایک امپائر کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ڈیرن سیمی نے اپنی غلطی تسلیم بھی کی ہے۔ میچ کے تیسرے روز301 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 141 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ نے 43 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شکست کے بعد ویسٹ انڈین کپتان روسٹن چیز نے غلط فیصلوں پر امپائر ز کے احتساب کا مطالبہ کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ امپائر کے کئی فیصلے ایسے تھے جو ہمارے حق میں نہیں گئے، آپ میدان میں جیت کیلئے جاتے ہیں مگر ایسے لگتاہے کہ سب آپ کے خلاف ہیں، یہ مایوس کن ہے، بطور کھلاڑی جب ہم غلطی یا حد سے تجاوز کرتے ہیں تو سخت سزا دی جاتی ہے، امپائروں کے ساتھ غلط یا مشکوک فیصلوں پر ایسا کچھ نہیں ہوتا۔ غلط فیصلوں پر بھی سزا کا تعین ہونا چاہئے، امپائر کے ایک غلط فیصلے سے کسی کھلاڑی کا کیریئر بنتا یا خراب ہوجاتا ہے۔ مجھ سمیت سینئر کھلاڑیوں کو غلط آؤٹ دینا اس شکست کا سبب بنا۔ امپائر اس کی قیمت ادا کریں۔