• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈین ڈیفنس اتاشی نے بھی طیارے گرنے کا اعتراف کرلیا

کراچی (نیوز ڈیسک) انڈین ڈیفنس اتاشی نے بھی طیارے گرنے کا اعتراف کرلیا،کیپٹن شیو کمار کا کہنا ہے کہ پاکستان کیساتھ فضائی معرکے میں ہم نے کچھ طیارے کھوئے ہیں ، انہوں نے یہ اعتراف انڈونیشیا میں ایک یونیورسٹی کی جانب سے 10 جون کو ’پاکستان انڈیا فضائی جنگ کا تجزیہ اور فضائی طاقت کے تناظر سے انڈونیشیا کی متوقع حکمت عملی‘ کے موضوع پر سیمینار کے دوران کیا، اپوزیشن جماعت کانگریس نے ڈیفنس اتاشی کے اعتراف کے بعد مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مودی حکومت پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا، کانگریس رہنمائوں نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کو اس معاملے پر حزب اختلاف کو اعتماد میں نہ لینے پر سوال اٹھا دئیے۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں ایک سیمینار میں دی گئی 35 منٹ کی پریزنٹیشن میں کیپٹن شیو کمار نے اعتراف کیا کہ اگرچہ وہ ’شاید اس بات سے متفق نہ ہوں (جیسا کہ ایک انڈونیشیائی اسپیکر نے دعویٰ کیا) کہ ہم نے بہت سے طیارے کھوئے ہیں، لیکن میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ہم نے کچھ طیارے کھوئے ہیں۔‘انڈین ویب سائٹ ’دی وائر‘ کے مطابق انڈونیشیا میں تعینات انڈین ڈیفنس اتاشی بحریہ کے کیپٹن شیو کمار نے کہا ہے کہ جیٹ فائٹرز کے نقصان کی وجہ یہ تھی کہ سیاسی قیادت نے ایئر فورس کو پاکستانی فوجی تنصیبات اور فضائی دفاعی نظام پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔کانگریس کے جنرل سیکرٹری (کمیونیکیشنز) جے رام رمیش نے بھی’ایکس‘‘ پر ایک میڈیا رپورٹ شیئر کی ہے جس میں کیپٹن شیو کمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں انڈونیشیا میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان میں کارروائی کے دوران پڑوسی ملک کے ہاتھوں اپنے لڑاکا طیارے کھو دیے تھے۔رمیش نے سوالات اٹھائے کہ "پہلے، چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے سنگاپور میں اہم انکشافات کئے۔ پھر، ایک سینئر دفاعی عہدیدار انڈونیشیا میں ان کی پیروی کرتا ہے۔ لیکن وزیر اعظم ایک کل جماعتی اجلاس کی صدارت کرنے اور حزب اختلاف کو اعتماد میں لینے سے کیوں انکار کر رہے ہیں؟ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے مطالبے کو کیوں مسترد کر دیا گیا ہے؟۔

اہم خبریں سے مزید