ہرنائی (نامہ نگار)وادی زیارت منہ زڑگی ڈیم میں تین لڑکیاں ڈوب گئیں ، دو کو بچا لیا گیا جبکہ ایک لڑکی کی لاش نکالی گئی ۔ بچ جانے والی لڑکیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دیا گیا بچائی جانے والوں میں 16 سالہ بی بی عقیدہ ولد محمد افضل اور 26 سالہ بی بی نجمہ زوجہ محمد جمیل بتائی گئی ہیں جبکہ ڈیم میں ڈوبنے والی لڑکی کی شناخت بی بی روبینہ ولد محمد ہاشم کے نام سے ہوئی ہے ۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ۔لیویز اور ریسکیو ٹیم اسسٹنٹ کمشنر زیارت کی زیر نگرانی دو گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد تیسری لڑکی کی لاش نکالی گئی۔ ڈی سی زیارت ذکاءاللہ درانی نے کہا کہ گندے پانی اور ڈیم کی غیر متوازن سطح کی وجہ سے تیسری لڑکی کو ڈیم میں ڈھونڈنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیم میں ڈوبنے والے لڑکیاں سیلاب میں بہہ کر آنے والی لکڑیوں کو اکٹھا کرنے آئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے واضح احکامات کی روشنی میں پہلے ہی سے موسمیاتی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور لوگوں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔لہذا زیارت کے عوام سے درخواست ہے کہ بہت زیادہ احتیاط برتیں تاکہ اس طرح کے مزید دردناک واقعات رونما نہ ہو ں۔