کراچی (اسد ابن حسن) نیب کراچی نے شہر میں موجود کئی متنازع ہاؤسنگ اسکیمو کے مالک کے خلاف ایک اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق "عوام اسکیم 42میں واقع ایک ہاؤسنگ اسکیم جو ڈسٹرکٹ کیماڑی میں واقع 319 ایکڑ سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور تبادلے کے حوالے سے انکوائری شروع کر دی ہے۔ اس ہاؤسنگ اسکیم میں کسی بھی قسم کی ڈیل نہ کرنے کا انتباہ کیا ہے۔"۔ نیب ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ اسکیم کے مالک کے خلاف اسکیم 33 اور اسکیم 42 میں سرکاری اراضی پر پرائیوٹ ہائوسنگ اسکیمیں فروخت کرنے کے حوالے سے ایک درجن کے قریب انکوائریاں اور کئی ریفرنس جاری ہیں۔ ملزم نے ماضی میں عدالت میں پلی بارگین کی درخواستیں بھی کی تھیں مگر وہ منظور نہیں ہوئیں۔ ایک اسکیم میں تو 1100 افراد متاثر ہوئے اور اس فراڈ میں نیب ذرائع کے مطابق تقریبا ڈھائی ارب روپے کا سرمایہ لگا ہوا تھا۔ نیب کراچی کے ایک اعلی افسر کے مطابق ملزم کے ڈی اے کی نئی اسکیمیں جیسے اسکیم 33، اسکیم 42، ہاکس بے کے ساحلی علاقوں کے نزدیک اور اس کے علاوہ دیگر نئی اسکیمیں ہیں، ان میں سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے اور ریونیو ریکارڈ میں ردوبدل کرکے مبینہ فراڈ میں ملوث رہتا ہے۔ اس دھندے میں اس کی پشت پناہی بڑے بڑے سرکاری افسران اور سیاستدان کرتے ہیں۔