اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا گیا۔ یکم جولائی کو منعقد ہونے والے اجلاس میں ہائیکورٹ کے تین سینئر ججز میں سے کسی ایک کے نام کی منظوری دی جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئیر ججز میں پہلے نمبر پر جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، دوسرے نمبر پر جسٹس محسن اختر کیانی اور تیسرے نمبر پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔ اس سے قبل وزارت قانون نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سینیارٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ججز کی سینیارٹی طے کی ہے۔ صدر مملکت کی منظوری سے وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ سپریم کورٹ نے سروس ریکارڈ دیکھ کر سینیارٹی طے کرنے کا حکم دیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج ہیں جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی سنیارٹی میں دوسرے اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تیسرے نمبر پر ہیں۔