انقرہ(آئی این پی )ترکیہ نے مقامی طور پر تیار کیا گیا کئی تہوں پر مشتمل فضائی دفاعی نظام سٹیل ڈوم متعارف کرایا ہے۔ اس میں مختلف تہوں میں کام کرنے والے فضائی دفاعی نظام کے حصے ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کرتے ہیں۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں نیٹو سربراہی اجلاس سے واپسی پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردووان نے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران فضائی دفاعی نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سٹیل ڈوم صرف ایک سسٹم نہیں بلکہ کئی تہوں پر مشتمل نظاموں کا مجموعہ ہے جو میزائل خطرات سے موثر دفاع فراہم کرے گا۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم سٹیل ڈوم نامی ایک فضائی دفاعی نظام بنا رہے ہیں جس میں کئی نظام ہم آہنگی سے کام کریں گے۔ ان کے مطابق اس میں مختلف اونچائیوں پر کام کرنے والے فضائی دفاعی نظام، سینسرز اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز کو یکجا کیا جائے گا۔ڈیفنس انڈسٹریز کی ایگزیکٹو کمیٹی نے چھ اگست کو اپنے اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق سٹیل ڈوم فضائی دفاعی نظام میں ترکی کے موجودہ اور مستقبل میں بنائے جانے والے میزائل ایک مربوط انداز میں کام کریں گے۔ترکیہ کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں سٹیل ڈوم کو ایسا نظام قرار دیا گیا ہے جو ملک کے تمام فضائی دفاعی سسٹمز، سینسرز اور ہتھیاروں کو ایک نیٹ ورک کے تحت آپس میں جوڑتا ہے۔