سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی و گرد و نواح کے علاقوں میں بارش کے بعد نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار سمیت دیگر موسمی بیماریوں نے لوگوں کو اپنے نرغے میں لے رکھا ہے، سرکاری و نجی اسپتالوں سمیت اتائی ڈاکٹرز کی کلینکوں پر مرد و خواتین و بچوں کی بڑ ی تعداد علاج کی غرض سے آرہی ہے، بچے و ضعیف العمر افراد سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، اتائی ڈاکٹر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور منافع سمیٹ رہے ہیں جبکہ مہنگائی سے پریشان بیمار لوگ علاج و معالجہ پر ہونیوالے اخراجات کی فکر میں مبتلا ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں کی طرح سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی ودیگر علاقوں میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ 3دن سے موسم ابر آلود، وقفے وقفے سے ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، خاص طور پر خواتین، بچے، ضعیف العمر اور کمزور قوت مدافعت والے لوگ زیادہ متاثر ہورہے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں کے گلی و محلوں میں واقع اتائی ڈاکٹرز کے کلینکوں پر مغرب کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد معائنہ کے لئے آتی ہے، جن میں زیادہ تر خواتین و بچے شامل ہوتے ہیں، اتائی ڈاکٹرز مخصوص کمپنیوں کے شربت، انجکشن، گولیاں بطور نسخہ لکھ کر مریض کے ہاتھ میں تھما رہے ہیں۔ لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ اگر کسی ماہر ڈاکٹر کو دکھاتے ہیں تو اس کی کم از کم فیس ہی ایک ہزار روپے ہیں، پھر وہ ادویات بھی مہنگی کمپنی کی لکھ کر دیتے ہیں۔