اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی اور یہی سہولت یکم اگست سے متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو پاکستان کے دورے کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔ دونوں فریق جلد ہی میڈیا سے وابستہ افراد اور دیگر خصوصی طبقوں کے لیے ویزا سہولتوں میں آسانی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ تفصیلات متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ہفتہ کو ابوظہبی سے ’’دی نیوز/جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے فراہم کیں۔ ڈپٹی پرائم منسٹر/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، جہاں انہوں نے بارہ سال بعد مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کی صدارت کی، انہوں نے بتایا کہ جے ایم سی پروٹوکول کے علاوہ، سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے انٹری ویزا کی باہمی چھوٹ، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام اور مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل اکانومی پر ایک معاہدے سے متعلق تین مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے۔ کامیاب اجلاس کا انعقاد دوطرفہ تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے میں ایک بڑا قدم ہے۔ یہ اجلاس سینیٹر اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی مشترکہ صدارت میں ہوا، جو مضبوط سیاسی عزم اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار – تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، غذائی تحفظ، افرادی قوت اور تعلیم – کا جائزہ لیا گیا اور قابل عمل نتائج پر اتفاق کیا گیا۔ مزدوروں کے تعاون اور کمیونٹی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، جس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا۔